اعلیٰ عسکری قیادت 8 فروری کو پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی میں مدعو
اسلام آباد (صباح نیوز) اعلیٰ عسکری قیادت کو 8 فروری کو پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتیمیں مدعو کیا گیا ۔ دفاع، خارجہ امور کے وزرائ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ، مشیر خزانہ اور مشیر قومی سلامتی خصوصی دعوت پر شریک ہوں گے ۔ قومی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی جائے گی ۔ پاکستان کو امریکا سے ملنے والے اتحادی امدادی فنڈ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق اہم قومی سلامتی معاملات کے جائزہ کے لیے اعلیٰ عسکری قیادت کو پاکستانی قومی سلامتی کمیٹی میں مدعو کر لیا گیا ہے ۔ پارلیمنٹ میں قومی سلامتی پر اس اہم اجلاس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ 8 فروری کو اجلاس دن گیارہ بجے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں کمیٹی روم نمبر 2 میں ہو گا ۔ اجلاس کے لیے کمیٹی روم نمبر 2 میں خصوصی انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔ ساؤنڈ سسٹم اور مائیک کی چیکنگ کے ساتھ نشستوں کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔