بہت خطرناک اور براہوں عمران:نیب میں پیش ہونے کے سوال پر جواب
اسلام آباد (آن لائن+نیٹ نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے برطانیہ میں غیر ظاہرشدہ دولت (آن ایکسپلینڈ ویلتھ آرڈر) کا قانون نافذ العمل ہو گیا ہے اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے شریف خاندان کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کو تحقیقات میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تو کیا نواز شریف اسے بھی اپنے اور بچوں کے خلاف عالمی سازش قرار دیں گے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میںانہوںنے کہا اب برطانیہ میں کرپٹ لیڈروں کی ناجائز طور پر بنائی گئی جائیدادوں کے خلاف تحقیقات ہوں گی۔ این این آئی کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے سرکاری ہیلی کاپٹر کو کبھی ذاتی حیثیت سے استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے خیبر پی کے حکومت نے ہیلی کاپٹر معاملے پر وضاحت کر دی ہے لیکن پھر بھی نیب کی تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا نیب زرداری اور شریفوں کے جہاز کا غلط استعمال بھی دیکھے۔ آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں سینٹ انتخابات میں پنجاب سے کامیابی کیلئے حکمت عملی طے کر لی، اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کی طرف جھکاؤ رکھنے والے حکومتی ارکان اسمبلی سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ ہفتے کے روز لاہور میں ہونے والے اجلاس میں جہانگیر ترین، پنجاب سے سینٹ کے امیدوار چودھری محمد سرور، محمود الرشید سمیت دیگر بھی شریک ہوئے اور عمران خان کو سینٹ انتخابات کے حوالے سے کیے جانے والے رابطوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے بعد جب ایک صحافی نے عمران خان سے سوال کیا نیب نے خیبر پی کے حکومت کا ہیلی کاپٹر آپ کے زیراستعمال رہنے کا نوٹس لے لیا۔ آپ کا اس پر کیا موقف ہے اور کیا آپ نیب کے بلانے پر پیش ہوں گے تو اس کے جواب میں عمران خان نے کہا میں بت خطرناک ہوں، بہت برا ہوں۔