بھارت آسٹریلیا کو شکست دیکر انڈر 19- ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا
اماؤنٹ مانگ نیوئی (سپورٹس ڈیسک )ٓئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں بھارت شاندار آل راؤند کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ عالمی چیمپیئن بن گیا۔بھارت کی جانب سے اپننگ بیٹسمین منجوت کالرا نے شاندار سنچری اسکور کی جو میچ وننگ ثابت ہوئی۔اس فتح کے ساتھ ہی بھارت سب سے زیادہ مرتبہآئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والا ملک بن گیا، اس قبل بھارت تین مرتبہآئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ چیمپیئن بن چکا ہے۔ماؤنٹ مانگ نیوئی میں کھیلے گئے 12ہویں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے درست ثابت نہیں ہوا۔بھارتی گیند بازوں نے نپی تلی باؤلنگ کراتے ہوئے آسٹریلیا کے بلے بازوں کو آزادانہ طور پر کھیلنے کا موقع فراہم نہیں کیا اور دباؤ کی وجہ سے وقفے وقفے سے آسٹریلیا کی وکٹیں گرتی رہیں، اور سوائے جوناتھن مرلو کے کوئی بھی بیٹسمین نمایا کارکردگی نہیں دے سکا۔جوناتھن مرلو نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں پرم اپل 34، جیک ایڈورڈز نے 28 اور نیتھن مک سوینی نے 23 رنز بنائے اور پوری آسٹریلوی ٹیم 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔بھارت کی جانب سے ایشان پوریل، کملیش نگرکوٹی، انوکل رائے اور شوا سنگھ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شوم ماوی نے ایک وکٹ حاصل کی۔چیمپیئن بننے کے لیے 217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز کا آغاز انتہائی متاثر کن رہا اور انہوں نے پہلی وکٹ پر 71 رنز اسکور کیے۔بھارتی بیٹسمین منجوت کالرا نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 101 رنز بنا کر ٹیم کو چوتھی مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا چیمپیئن بنا دیا۔دیگر بلے بازوں میں ہارویک دسائی نے 47 اور کپتان پرتھوی شا نے 29 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ول سدرلینڈ اور پرم اپل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچا تھا جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو 203 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ایونٹ میں پاکستان بغیر کھیلے تیسری پوزیشن کا حقدار قرار پایا تھا کیونکہ افغانستان کیساتھ اس کا میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا تھا۔