کوہاٹ، طالبہ قتل کیس ایک سہولت کار گرفتار، آلہ قتل اور زیر استعمال گاڑی بھی برآمد
کوہاٹ(نامہ نگار)کوہاٹ میں عاصمہ رانی قتل کیس میں مزید اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس نے مقدمے میں نامزد ملزمان کے سہولت کار کو گرفتار کرلیا ہے۔ملزم شاہ زیب کو زیر حراست ملزم صادق اللہ آفریدی کی نشاندہی پر کوہاٹ کے علاقہ کے ڈی اے سے گرفتارکیا گیا ہے۔پولیس نے واردات میںاستعمال ہونیوالا آلہ قتل تیس بور پستول بھی برآمد کرلیا ہے ۔ادھر زیر حراست ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے جن میں سے ایک ملزم صادق اللہ کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ ملزم شاہ زیب کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔پولیس کی طرف سے کامیاب کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیاسہولت کار کے ڈی اے کا رہائشی اورملزمان مجاہد اللہ اور صادق اللہ کا قریبی دوست ہے جو مقتولہ کی نقل وحرکت کے متعلق ملزمان کو معلومات فراہم کرتا رہا جبکہ ارتکاب جرم کے بعد ملزم مجاہد اللہ کو بیرون ملک فرار کرنے میںبھی ملوث رہا ہے۔پولیس نے عاصمہ رانی کے قتل کا ارتکاب کرنے کے بعد ملزم مجاہد اللہ آفریدی کو فرار کرانے میں استعمال ہونیوالی زیر حراست سہولت کار کی موٹر کار گاڑی بھی برآمد کرکے تحویل میں لی ہے۔ پولیس نے تفتیش کے دوران گرفتار ملزم صادق اللہ کی نشاندہی پر آلہ قتل تیس بور پستول برآمد کرکے فارنزک لیبارٹری بھجوا دی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے قبضے میں لئے گئے تیس بور پستول کے خالی خول اور دیگر اہم شواہد بھی تجزئیے کیلئے ایف ایس ایل ارسال کردی گئی ہیں۔ادھر پولیس نے میڈیکل طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کیس میں گرفتار دونوں ملزمان صادق اللہ اور شاہ زیب کو جوڈیشل مجسٹریٹ ون کوہاٹ کی عدالت میں پیش کردیا ہے جس پر عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزم صادق اللہ کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے جبکہ ملزم شاہ زیب کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔پولیس نے سخت سیکیورٹی میں ایک ملزم کو جیل جبکہ دوسرے ملزم شاہ زیب کو پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔