حکومت سے نوری ہسپتال کیلئے مزید گرانٹ منظور کرانے کیلئے تعاون کرینگے، عرفان صدیقی
اسلام آباد ( خصوصی نمائیندہ)مشیر وزیراعظم پاکستان برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ پروفیسر عرفان صدیقی نے کہا کہ عام آدمی کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،پاکستان اٹامک کمیشن کے زیر انتظام چلنے والے ہسپتالوں میںکینسر سمیت علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنا لائق ستائش ہے ۔اس حوالے سے حکومت سے نوری ہسپتال کیلئے مزید حکومتی گرانٹ منظور کرانے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔دکھی انسانیت کی خدمت کسی عبادت سے کم نہیں ،خدمت انسا نیہ کے کیلئے خود کو وقف کرنے والے لوگ باعث تکریم و تعظیم ہوتے ہیں ،اللہ کی طرف سے آنے والی آزمائشوں میںمضبوط قوت ایمانی سے بڑا کوئی علاج نہیں ہے ،ہمیں مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہئے بلکہ رب کریم کی ذات پر بھروسہ رکھنا چاہیئے ۔سگریٹ نوشی سمیت تمام نشہ آور ادویات کا استعمال انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہیں ، ہمیں چاہئے کہ ہم عوام میں اس بارے شعور وآگاہی کیلئے تعلیم و تربت پر دھیان دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سوسائٹی آف کلینیکل اونکولوجی( نوری ہسپتال )اور تنظیم بہبود مریضاں نوری کے زیر اہتمام’’عالمی کینسر ڈے ‘‘کے حوالے سے منعقدہ پبلک آگاہی سیمینارمیں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار سے مہمانان اعزاز ممبر ایڈمن میجر جنرل (ر) منو ر احمد سلہریا ،سیکرٹری اٹامک انرجی کمیشن منیر احمد، سیاسی و سماجی شخصیت صدر پاکستان گرین ٹاسک فورس ڈاکٹر جمال ناصر،سرپرست تنظیم بہبود مریضاںنوری ہسپتال ڈاکٹر احمد قدوائی،سرپرست سویٹ ہومززمرد خان ، ڈائریکٹر نوری ہسپتال ڈاکٹر محمد فہیم ،ڈاکٹر حمیرامحمودکنسلٹنٹ انکولوجسٹ ،کالم نگار طلعت عباس خان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔پروفیسر عرفان صدیقی نے اپنے خطاب میں نوری ہسپتال میں مریض بچوں کیلئے ایک لائبریری بناکر دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ ہمارا مقصد قوم کے نونہالوں میں تعلیم کو فروغ دیناہے جس کیلئے ہم اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیںمیجر جنرل (ر) منو ر احمدسلہریا نے کہا کہ کینسر کے باعث شرح اموات میں اضافہ باعث تشویش ہے ۔ نوری ہسپتال کی کینسر سمیت دیگر امراض کے علاج کے سلسلے میں خدمات مثالی ہیں ۔ اس سے قبل ڈائریکٹر نوری ڈاکٹر محمد فہیم نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کینسر کے علاج کے سلسلے میں نوری ہسپتال کے تاریخی و مثالی کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم پاکستان بھر میں کینسر کے 80 فیصد مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور علاج کی صورت میں انسانی زندگیوں کا بچایا جا سکتا ہے ۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات اور تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ، معاشرتی مسائل نے ہماری نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ، ہمیں چاہئے کہ ہم نوجوانوں کو اس کے بد اثرات سے آگاہی پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوری ہسپتال کی طرف سے ہرقسم کے کینسر بارے آگاہی مہم قابل ستائش ہے ، سویٹ ہومز کے سرپرست زمرد خان نے کہا کہ مظلوم اور بے سہارابچوں کی سرپرستی ان کی زندگی کا مشن ہے ، کینسر سے شفاء یاب ہونے والے بچوں کو حصول تعلیم میں وہ انہیں ہرممکن مددفراہم کریں گے ، ڈاکٹر حمیرا محمودنے کہا کہ ہم نے مریضوں کوکینسر کے بارے میں شعور آگاہی کا پروگرام شروع کر رکھا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں ہم کینسر کے مریضوں کو ہر ممکن مشاورت و رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔سیمینار میں کینسر کے علاج سے شفاء یاب ہونے والے خواتین و حضرات نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے ۔اس موقع پرڈاکٹرز سمیت مختلف شخصیات میں اعلیٰ خدمات پر شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ سیمینار کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت شہریوںکی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔