عوامی مسائل کے حل کیلئے بھٹو کا مشن جاری رہے گا، حبیب جنیدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی نے صوبہ کی تاریخ کی پہلی سہ فریقی لیبر کانفرنس منعقد کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ محنت کش عوام کے مسائل کے حل کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھے گی ۔ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے ٹریڈ یونین کارکنان کی ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان میں 18ویں ترمیم کے بعد شعبہ محنت مکمل طور پر صوبوں کو منتقل ہوچکا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی صوبائی حکومت نے مؤثر انداز میں اس منتقلی کے بعد مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد بھی شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ سہ فریقی لیبر کانفرنس میں آجر،اجیر اور حکومت کے نمائندوں نے مزدوروں کے مسائل کے حل اور صنعتی ترقی کے لئے قانون سازی اتفاقِ رائے کیا ہے جس کے نتیجہ میں ایک جانب مزدوروں کو اُن کے حقوق حاصل ہونگے تو دوسری جانب صنعتی پیداوار اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔