بھارت سے تجارتی روابط بجلی خریدنے جیسے اقدامات کشمیریوں سے غداری ہے: جے یو پی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر حکمرانوں کو بھارت کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہیے ۔بھارت سے بجلی خریدنے ، آزادانہ تجارت،ویزہ ختم کرنے اوراس کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کی با تیں کرنے والے حکمران کشمیری شہداء کے خون سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔ جمعیت علما ء پاکستان 5فروری کو ملک بھر میں یوم کشمیر منائے گی اور کشمیری عوام سے یکجہتی کے لئے ملک بھر میں ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ بھارتی درندوں نے اب تک لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے درندہ صفت بھارتی افواج نہتی خواتین ،بچوں ،بوڑھوں اور جوانوں کو تہہ تیغ کر رہے ہیں ہمارے حکمرانوں بے غیرتی کی تصویر بنے کشمیری عوام پر ظلم و ستم دیکھ رہے ہیں۔