پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کے بانی امین خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے منسلک انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمشن نے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے سابق کھلاڑی اور بحیثیت کوچ پاکستان میں ویمن ہاکی ٹیم کے بانی محمد امین خان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمشن کے صدر ڈاکٹر محمد شاہد امین نے پاکستان کے بزرگ ہاکی کوچ کو یہ ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ہاکی کے کھیل کو عروج تک پہنچانے میں بریگیڈئر (ر) منظور حسین عاطف مرحوم کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمشن کے صدر ڈاکٹر محمد شاہد امین نے اعلان کیا کہ ان کی تنظیم انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) کے اشتراک سے ہر سال بریگیڈئر عاطف کی برسی کے موقع پر ہاکی کا عالمی ایوارڈ جاری کرے گی۔