پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سنیمائوں کو ایکسائز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا
لاہور (کلچرل رپورٹر) پنجاب حکومت نے پاکستانی فلم انڈسٹری اور سنیمائوں کو ریلیف دینے کے لئے صوبہ بھر کے سنیمائوں کو ایکسائز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ حکومت کی طرف سے پنجاب کے سینما گھروں کو آئندہ تین سال کیلئے تفریحی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے پر سینما انڈسٹری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور حکومت کے اس اقدام کا زبردست خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ فلم ایگزیبیٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ضوریز لاشاری، وائس چیئرمین صفدر خان اور جنرل سیکرٹری قیصر ثناء اللہ خان نے سینما گھروں کو تفریحی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، صوبائی وزیر ایکسائز مجتبیٰ شجاع الرحمن اور سیکرٹری ایکسائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کی سینما انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔