لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، پہاڑوں پر برف باری، حادثات میں 3جاں بحق
لاہور (سٹی رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں، بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔ گذشتہ روز علی الصبح ہی مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے زیریں علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ نیلم، کیل، گریز، لیپا، فاروڈ کہوٹہ سمیت بالائی پہاڑی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے علاوہ ساہیوال، قصور، شورکوٹ، نور پورتھل میں ہلکی بارش کے بعد ٹھنڈ بڑھ گئی، گلگت بلتستان کے اضلاع غذر اور دیامر میں تیسرے روز بھی برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں، چترال شہر اور گردو نواح میں برف باری سے لواری ٹنل بند ہو گئی اور متعد گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ گوجرہ جھنگ روڈ پر کار اْلٹنے سے ماں بیٹے جاں بحق ہو گیا۔ جھنگ سٹی بستی اوڈھ کے یاسین کی اہلیہ آمنہ اپنے اٹھارہ سالہ بیٹے عبدالغفارکے ساتھ کار پر گوجرہ کے نواحی چک نمبر 430ج۔ ب کے اپنے عزیز احمد کے ساتھ دوائی لینے کی غرض سے گوجرہ چک نمبر 358ج۔ ب دولم جھنگ روڈ سے گزر رہے تھے، بارش کی وجہ سے کیچڑ سے تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر اْلٹ گئی۔ آمنہ عبدالغفار شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گئے۔کمالیہ اور گردونواح، جوہرآباد خوشاب و ضلع کے دیگر علاقوں میں ہونیوالی بارش نے ایک طرف تو سردی میں اضافہ کردیا دوسری طرف اس بارش سے فصلوں پر خوشگوار اثر پڑنے کی بھی توقع کی جارہی ہے۔سرگودھا اور گردونواح میں سوموار کے روز ہونیوالی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ جڑانوالہ اور گردونواح میں صبح موسم سرما کی پہلی بوندا باندی ہوئی جس سے سردی بڑھ گئی ہے۔ بوندا باندی سے ہی لوگوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں، خصوصاً زمیندار کاشتکار اس پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کے باعث کھمبے میں کرنٹ آگیا، راہگیر بجلی کا شدید جھٹکا لگنے سے زندگی کی بازی ہارگیا۔ اڈا چکیرہ پروکے والا بھینس کالونی کا سترہ سالہ لیاقت اپنے کھیتوں کی طرف جارہا تھا راستے میں اس نے ایک کھمبے کے ساتھ ٹیک لگا کر کھڑا ہونا چاہا اس کھمبے میں بارش کے باعث کرنٹ تھا۔ دلے والا اور اس کے گردونواح میں باران رحمت سے کاشتکاروں کے چہرے کھل اٹھے۔ علاوہ ازیں گلگت بلتستان ، ملاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن میں آئندہ تین روز تک برفباری کا امکان ہے۔گلگت بلتستان میں غذر اوردیامر میں تیسرے روز بھی برف باری جاری رہی جس کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور سیاحوں کی بڑی تعداد مختلف علاقوں میں پھنس گئی۔ پنجاب میں لاہور سمیت ساہیوال، گوجرہ، قصور، شورکوٹ، سیالکوٹ، جہلم ، چنیوٹ، قصور، رینالہ خورد ، احمد پور سیال ، شورکوٹ اور دیگر علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ میں ہلکی بوندا باندی کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کی وجہ سے درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر نقطہ انجماد سے گر گیا ۔ زیارت میں برف باری سے ملک کے کئی علاقوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشر حصوں میں بارش اور برفباری کے بعد موسم سرد ہو گیا، جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، لاہور میں یخ بستہ ہوائوں نے ڈیرے ڈال لئے۔ فیصل آباد میں رم جھم کا سلسلہ جاری، ملتان اور گردونواح میں ہلکی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا۔ دوسری جانب کالام، ملم جبہ، مدین، بحرین، چترال سمیت دیگر علاقوں میں کئی فٹ تک برفباری، زمینی رابطہ بھی منقطع، لوگ گھروں میں محصور کی گئی، سوات کے پرفضا مقام کالام میں 5فٹ، مدین، بحرین کے پہاڑوں پر 2فٹ، ملم جبہ میں 4فٹ، چترال میں 4فٹ تک برفباری ہو چکی ہے۔ شانگلہ کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا جبکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔