پولو مہم کو مؤثر و کامیاب بنانے کیلئے حکومت نے امام کعبہ کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ پولیو مہم کے سلسلے میں وہ پاکستان آ کر مختلف حصوں کا دورہ کریں گے۔
ملک کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے عالمی ادارہ صحت اور حکومت پاکستان سرگرم ہے۔ پاکستان، نائیجیریا اور افغانستان کے سوا پوری دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ بدقسمتی سے کچھ لوگ پولیو قطروں کو حرام قرار دے کر پولیو ورکرز پر حملے کرتے ہیں جس میں کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ فاٹا کے بعد کراچی میں پولیو ورکرز سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں۔ پنجاب اور بلوچستان میں بھی ان پر حملے ہو چکے ہیں۔ کے پی کے میں ’’صحت کا انصاف‘‘ پروگرام کے تحت اساتذہ کو پولیو کورس کرایا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز تربیت حاصل کرنیوالوں کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور ہلاک دوسرا زخمی ہو گیا۔ دہشت گردی سے نمٹنے کا یہی مؤثر طریقہ ہے۔ جو لوگ معصوم بچوں اور خواتین تک کو دھماکوں میں اڑا دیتے ہیں ان کے لئے امام کعبہ کا احترام کوئی معنی نہیں رکھتا۔ پاکستان آ کر امامِ کعبہ نوگو ایریاز میں تو جانے سے رہے۔ جن علاقوں میں وہ جائیں ان کی اپنی زندگی خطرے میں ہو گی اور پھر وہ فتوے سے زیادہ کیا کر سکیں گے۔ انکے فتویٰ جاری کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن اس سے فائدہ کچھ نہیں ہو سکتا۔ اپنی نسلوں کو معذوری سے بچانے اور عالمی پابندیوں سے بچنے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرنا ہو گا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024