لندن میں افغانستان کے مستقبل پر پاکستان، افغانستان اور برطانیہ کے مابین سہہ فریقی مذاکرات میں تینوں ممالک کے رہنماؤں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا
لندن میں سہ فریقی مذاکرات کے بعد تینوں ممالک کے سربراہان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان ہرممکن تعاون فراہم کریگا۔ افغانستان میں امن کا مقصد پاکستان میں امن ہے، پاکستان اپنے پڑوسیوں کو نہیں بدل سکتا، امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان طالبان کے ساتھ افغان حکومت کے مذاکراتی عمل کی حمایت اور مدد کرنا چاہتاہے۔ تینوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت ہے۔اس موقع پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ تینوں ممالک کی سیاسی اور فوجی قیادت ایک جگہ اکٹھی ہوئی ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد اور مسائل کے حل کیلئے تعاون پر برطانیہ کے مشکور ہیں۔