صحافی عائشہ ہارون کا نیویارک میں انتقال نماز جنازہ جمعرات کو ہو گی

04 فروری 2013
صحافی عائشہ ہارون کا نیویارک میں انتقال نماز جنازہ جمعرات کو ہو گی

لاہور (دی نیشن رپورٹ) دی نیشن اسلام آباد کی سابق ریذیڈنٹ ایڈیٹر‘ دی نیوز لاہور کی سابق ایڈیٹر عائشہ ہارون کینسر کے ساتھ چار سال تک طویل جنگ کے بعد 46 برس کی عمر میں نیویارک میں انتقا ل کر گئیں، ان کی میت بدھ کو لاہور لائی جائے گی ، تفصیلات کے مطابق عائشہ ہارون قریباً چار سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، ابتدائی طور پر وہ شوکت خانم ہسپتال لاہور میں زیر علاج رہیں۔ بعد میں انہیں نیویارک میں ماﺅنٹ سنائی ہسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے ایک طویل عمل کے بعد ان کی صحت بحال ہو رہی تھی کہ گزشتہ سال جون میں مرض نے پھر سے سر اٹھا لیا۔ ان کا جنازہ جمعرات کو ان کے گھر 78، ہارون سٹریٹ، بابر بلاک نیو گارڈن ٹاﺅن لاہور سے اٹھایا جائے گا۔ انہیں میانی صاحب قبرستان میں اپنے والد سید ہارون شاہ کی قبر کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ عائشہ ہارون کے شوہر ڈاکٹر فیصل باری لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز (لمز) میں اقتصادیات کے پروفیسر اور اوپن سوسائٹی انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے سینئر مشیر ہیں۔عائشہ ہارون نے صحافتی کیریئر کا آغاز ڈیلی فرنٹیئر پوسٹ سے کیا۔ انہوں نے وقت ٹی وی کی ٹیم کو تربیت بھی دی۔