وزیراعلی کو دیکھ کر مزدوروں، شہریوں کے ”شیر آیا شیر آیا “ کے نعرے

04 فروری 2013


لاہور (خبرنگار) وزیراعلی ٰ پنجاب محمد شہباز شریف میٹرو بس پراجیکٹ کا بغیر سکیورٹی اور بغیر پروٹوکول کے اچانک دورے کے دوران بارش کے باوجود 3گھنٹے سے زائد وقت مختلف مقامات پر منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیتے رہے۔ وزیراعلی کے دورے کے موقع پر عام ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی، وزیراعلی کو دیکھ کر منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں اور شہریوں نے ”دیکھو دیکھو کون آیا ، شیر آیا شیر آیا “ کے واشگاف نعرے لگائے۔ شہریوں نے میٹروبس پراجیکٹ کو اچھوتا اور انمول منصوبہ قرار دےتے ہوئے کہا محمد شہباز شریف حقیقی معنوں میں خادم پنجاب اور جدید دور کے شیر شاہ سوری ہےں اس منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ شہریوں نے وزیراعلی کو میٹروبس پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر زبر دست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔