بشام: ویگن کھائی میں جاگری، 4 افراد جاں بحق، مری: کار حادثے میں سکواڈرن لیڈر ہلاک

04 فروری 2013


شانگلہ+مری (این این آئی+وقت نیوز+نامہ نگار)خیبر پی کے کے ضلع شانگلہ کی تحصیل بشام میں مسافر وین کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مسافر وین راولپنڈی سے کوہستان جارہی تھی شنگ کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جاگری۔ حادثے کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو نکالا۔ زخمیوں کو طبی امداد کےلئے فوری طورپر مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جن میں دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ ادھر وقت نیوز کے مطابق مری کے علاقے گلیات میں چھانگلہ گلی کے قریب ٹریفک حادثے میں سکواڈرن لیڈر جاں بحق اور ان کی اہلیہ اور بیٹی زخمی ہوگئیں۔ وقت نیوز کے مطابق چھانگلہ گلی کے قریب کار گہری کھائی میں گر گئی جس سے سکواڈرن لیڈر حاشر جاں بحق اور ان کی اہلیہ صبا حاشر اور بیٹی سائرہ حاشر شدید زخمی ہوگئیں جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔جبکہ تین کی حالت نازک ہے۔