”امریکن سنائپر“ کے مصنف سابق امریکی فوجی کرس کائل ٹیکساس میں قتل
نیویارک (نمائندہ خصوصی) سب سے زیادہ بکنے والی کتاب ”امریکن سنائپر“ کے مصنف سابق امریکی فوجی کرس کائل کو ٹیکساس میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ عراقی کائل کو ”شیطان“ تصور کرتے تھے۔ ان کے سر پر بیس ہزار ڈالر انعام تھا۔ اس سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 38 سالہ کائل کی کتاب ”امریکن سنائپر“ 2012ءکی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب تھی۔ کائل چار مرتبہ عراق میں تعینات رہے اور انہیں کئی مرتبہ بہادری کے تمغے بھی دئیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔ پینٹاگون کے اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے تقریباً 160 لوگوں کو اپنی بندوق کا نشانہ بنایا تھا لیکن خود مسٹر کائل کے مطابق یہ تعداد 255 تھی۔