لاہور : لاکھوں کی وارداتیں‘ میاں بیوی زخمی‘ کامونکے میں چھ کروڑ کا سونا لوٹ لیا گیا
لاہور + کامونکے (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان سے لوٹ لیا۔ جبکہ قلعہ گجر سنگھ میں ڈاکوﺅں نے میاں بیوی کو اسلحہ کے بٹ مار کر زخمی کر دیا۔ کامونکے میں ڈاکوﺅں نے تاجر کے گھر سے ساڑھے 6کروڑ روپے مالیتی سونا اور لاکھوں کا سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ ایبٹ روڈ پر ڈاکوﺅں نے امین اور اس کی بیوی جمیلہ سے اسلحہ کی نوک پر 4لاکھ کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا اور مزاحمت کرنے پر دونوں میاں بیوی کے سر میں اسلحہ کے بٹ مار کر انہیں زخمی کر دیا۔ ڈاکوﺅں نے ستوکتلہ میں افتخار احمد کے گھر سے 10لاکھ کے طلائی زیورات، موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان، رائے ونڈ میں وسیم کے گھر میں سے 6لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، موبائل فون نقدی اور دیگر سامان، شاہدرہ ٹاﺅن میں عامر کے گھر سے 5لاکھ کے طلائی زیورات، موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان، مانگا منڈی میں زبیر کے گھر سے 4لاکھ کے طلائی زیورات، موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان گجر پورہ میں رزاق اور اس کی فیملی سے ایک لاکھ کے طلائی زیورات، موبائل فون جبکہ مصری شاہ میں ہی محمود کی دکان سے 50ہزار مالیت کا سامان، شاد باغ میں یعقوب سے 70ہزار اور موبائل، مغلپورہ میں عمر سے لیپ ٹاپ، نقدی اور موبائل، گرین ٹاﺅن میں راشد سے 50 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے مغلپور میں صداقت کے کارخانے سے 4لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے جوہر ٹاﺅن میں سے اشرف، سبزہ زار میں نواز، کوٹ لکھپت میں سیف کی کاریں جبکہ اقبال ٹاﺅن میں سے خالد، باغبانپورہ میں اکرم، شاہدرہ ٹاﺅن می شفقت، مصطفی آباد میں ظہیر، نواں کوٹ میں معظم، سول لائنز میں یعقوب، فیکٹری ایریا میں عامر، ملت پارک میں تصور، غازی آباد میں کامران، اسلام پورہ میں مقصود ٹاﺅن شپ میں شکیل، اچھرہ میں علی، شاہدرہ عابد، سمن آباد میں طاہر، ستوکتلہ میں حبیب، اچھرہ میں شہباز، ہربنس پورہ ناصر کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ ادھر کامونکے میں بلال پارک میں رہائش پذیر موبائل فونز کے ہول سیل ڈیلر اور سونے کے تاجر حاجی محمد عباس کے گھر شام سات بجے لوڈ شیڈنگ کے دوران 6ڈاکوﺅں نے دروازہ پر دستک دی اور دروازہ کھلنے پر زبردستی اندر داخل ہوئے اور مہمان محمد اشرف کو اسلحہ کے زور پر رسیوں سے باندھ کر اہل خانہ کو ایک کمرے میں بندکر دیا اور آہنی سیف سے ایک کلو دو سو گرام سونا، 15لاکھ روپے نقدی اور لاکھوں روپے مالیتی راڈو، رولیکس اور دیگر کلائی گھڑیاں لوٹ کر باہر سے دروازے کی کنڈی لگا کر فرار ہو گئے۔