بھارت میں جنگی طیاروں کا بین الاقوامی ائرشو بدھ سے بنگلور میں شروع ہو گا

04 فروری 2013


نئی دہلی (اے ایف پی) جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا ائرشو بدھ سے بھارت کے شہر بنگلور میں شروع ہو رہا ہے جس میں دنیا بھر سے اسلحہ ساز کمپنیاں شرکت کرینگی جنہیں توقع ہے کہ انہیں سب سے زیادہ ہتھیار درآمد کرنے والے ملک بھارت سے اربوں ڈالر مالیت کے ٹھیکے حاصل ہو سکتے ہیں۔ اب تک اس ایئرشو میں 78 ملکوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے جبکہ 27 ملکوں کی کمپنیاں اپنی جدید ترین جنگی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کرینگی۔ یہ ائرشو 5 روز تک جاری رہے گا ۔ بھارت کی سرکاری کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ جس نے 2010ءمیں روس کے ساتھ مشترکہ طور پر 250 سے 300 تک جدید ترین جنگی طیارے تیار کرنے کا معاہدہ کیا تھا، امید ظاہر کی ہے کہ ائرشو میں بڑے معاہدے ہو سکتے ہیں۔ اس شو میں سب سے زیادہ کمپنیاں امریکہ سے شرکت کر رہی ہیں جن کی تعداد 67 ہے۔ بھارت کے دفاعی پیداوار کے سیکرٹری آر کے ماتھر کا کہنا ہے کہ بھارت کو سب سے زیادہ ہتھیار فراہم کرنے والے ممالک فرانس، اسرائیل اور روس کی ائرشو میں شرکت بہت نمایاں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی جبکہ چین کی شرکت متوقع ہے۔