بیگناہوں کا خون بہانے والے انسانیت کے بدترین مجرم ہیں: عرفان مشہدی

04 فروری 2013


لاہور(خصوصی نامہ نگار) مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد عرفان مشہدی نے کہا ہے کہ علماءقتل ناحق کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں اور انسانی جان کی حرمت کو اجاگر کریں تاکہ ملک میں قتل و غارت گری کا راستہ روکا جا سکے، اسلام ایک بے گناہ شخص کے قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیتا ہے، بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے بدترین مجرم ہیں ۔ ان سفاک اور بے رحم قاتلوں کے خلاف پوری قوم متحد ہو جائے، علماءو مشائخ ظلم اور جرم کی مزاحمت کریں اور ملک میں انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کرنے کی جدوجہد تیزتر کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جماعت اہلسنّت پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے ملک میں قتل و غارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ افراد کی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازِ جمعہ پڑھ کر مسجد سے نکلنے والوں پر حملہ کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے۔ خودکش دھماکے کرنے والے اسلام دشمن طاقتوں کے ہاتھوں استعمال ہو کر اسلام اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ۔