اقوام متحدہ ہندو تنظیموں بی جے پی، آر ایس ایس پر پابندی لگائے: ریاض شاہ

04 فروری 2013


لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اہلسنّت 5 فروری کو ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منائے گی۔ اس روز کشمیری حریت پسندوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے اور جلوس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے، مظلوم کشمیریوں کی چیخیں اور آہیں پوری دنیا میں گونج رہی ہیں لیکن عالمی برادری ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ انسانی حقوق کے اداروں کو مظلوم کشمیریوں کی آواز سننا ہو گی۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ریاست ہونے کا دعویدار بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ایشیا میں سب سے آگے ہے۔ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں امن کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ ہندوانتہاپسند تنظیموں بی جے پی اور آر ایس ایس پر پابندی لگائے۔ بھارت کے مسلمان ہندو انتہا پسند تنظیموں کی دہشت گردی کا شکار ہیں۔