زرداری لیگ نے عوام کو ذلت اور قلت کے سوا کچھ نہیں دیا: حمزہ شہباز

04 فروری 2013
زرداری لیگ نے عوام کو ذلت اور قلت کے سوا کچھ نہیں دیا: حمزہ شہباز

لاہور(خبر نگار )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وممبرقومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ زرداری لیگ نے عوام کوذلت اورقلت کے سواکچھ نہیں دیا۔ قائداعظم ؒ کا پاکستان کی باگ ڈورنااہل ہاتھوں میں ہونے کے سبب آج ہماراملک مقروض اوراس کی معیشت مفلوج ہے۔ریکارڈگندم کی پیداوار کا مژدا سنانے والی حکومت بتائے مہنگی قیمت کے باوجود بیچارے عوام کو آٹاکیوں نہیں ملتا۔اس وقت پاکستان میںبدامنی اوربدعنوانی سے بڑا کوئی بحران اوران سے بڑی کوئی برائی نہیں ہے۔ صدر زرداری اوروزیراعظم مہاراجہ پرویزاشرف کوسوٹ بوٹ پہن کراپنافوٹوشوٹ کرانے کے سواکوئی کام نہیں آتا۔روٹی ،کپڑااورمکان کانعرہ لگانے والی پارٹی نے عوام سے آٹا بھی چھین لیا۔ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میاں حمزہ شہباز نے مزید کہاکہ وفاق کی مضبوطی اور قومی یکجہتی کافروغ مسلم لیگ (ن)کی سیاست کامحورہے ۔شہرقائدؒ اور بلوچستان میں امن وآشتی اوراستحکام کیلئے عوام میاں نوازشریف کا بھرپورساتھ دیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں اورارکان پارلیمنٹ نے ایوانوں اورمیدانوں میں بلوچ بھائیوں اوراہلیان کراچی کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کیخلاف بھرپور آوازاٹھائی ۔ پاکستان کے کسی شہری کے ساتھ زیادتی اوراس کی حق تلفی برداشت نہیں کی جاسکتی ۔ صوبوں کے درمیان بداعتمادی دور کرنے کاراستہ مسلم لیگ (ن) سے ہوکرجاتا ہے۔پاکستان کے وسائل پربلوچ عوام کابھی اتنا حق تسلیم کیا جائے جتنا دوسرے صوبوں کے لوگوں کاحق مانا جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال میں مثالی بہتری کیلئے آئندہ عام انتخابات کا بروقت اورشفاف انعقاد ناگزیر ہے۔ صدرزرداری کے ہوتے ہوئے منصفانہ انتخابات کی امیدرکھنابے سوداور بیکار ہے۔ ملک بچانے اورقومی معیشت کوٹیک آف کی پوزیشن پرلے آنے کیلئے عوام میاں نوازشریف کومینڈیٹ دیں صرف وہ اپنے انقلابی پروگرام کے بل پر اس ملک کی کایا پلٹ سکتے ہیں۔