دفاعی فورسز پر حملے کرنیوالے پاکستان دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں: سنی اتحاد کونسل

04 فروری 2013


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے رہنماﺅں حاجی محمد حنیف طیب، صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی، پیر فضیل عیاض قاسمی، طارق محبوب، پیر محمد اطہر القادری، محمد نواز کھرل، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، علامہ نواز بشیر جلالی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی اور پیر طارق ولی چشتی نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے فوجی کیمپ پر حملے اور تیرہ فوجی جوانوں کی شہادت کے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی فورسز پر حملے کرنے والے پاکستان دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں اور ان کا ایجنڈا پاکستان کو کمزور اور مفلوج کرنا ہے۔ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات انتخابی عمل کو متاثر کر سکتے ہیں جس سے مفادپرست قوتوں اور پاکستان دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی ہو گی اس لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں پوری سنجیدگی اور خلوص سے ملک کو امن و استحکام کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔ رہنماﺅں نے کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا انتظامی کنٹرول کمزور ہے جس کی وجہ سے قانون شکن آزادی سے اپنی کارروائیاں کر رہے ہیں ۔ حکومت کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کچلنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی تشکیل دینی چاہئے۔