وادی کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے: لیاقت بلوچ

04 فروری 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں اپنے کلمہ طیبہ والے پرچم اور ترازو کے انتخابی نشان پر حصہ لے گی، تاہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گی، پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی قومی مجرم ہیں، ملک میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات کے پیچھے شیطانی تثلیت امریکہ، بھارت اور اسرائیل کا خفیہ ہاتھ ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کشمیریوں کے پشتیبان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی وجہ سے ملک سے خیر و برکت ہی اٹھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے غیرعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے اور وہ ہمارے فوجی جوانوں کو شہید کر رہی ہے، دوسری جانب قومی غیرت و حمیت سے عاری ہمارے حکمران اسے موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کے لئے ہلکان ہو رہے ہیں، حکومت اس سے باز رہے۔