مسائل کے باوجود پاکستان کا مستقبل روشن ہے: رانا محمد اقبال
مانگا منڈی (نامہ نگار) پاکستان کو اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک طرف دہشت گردی کا سامنا ہے تو دوسری طرف بھوک، افلاس، رشوت، لوڈشیدنگ اور صحت کے مسائل ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ محنت، خدمت، دیانت اور امانت جیسے اصولوں پر عمل کریں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے مانگا منڈی میں ایک پرائیویٹ ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر شرکاءکو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت پر 84ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) بر سر اقتدار آ کر ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں کی طرف لیکر جائیگی۔ شر کاءسے رکن صوبائی اسمبلی حلقہ 160ملک سیف الملوک نے بھی خطاب کیا۔