خسرہ کی روک تھام کیلئے صوبائی محکمہ صحت پوری طرح متحرک ہے: سلمان رفیق
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ خسرہ کی بیماری کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت پوری مستعدی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور مرض کو پھیلنے سے روکنے اور مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خسرہ کی صورتحال پر غور کرنے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نثار احمد چیمہ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر تنویر حسین، ڈاکٹر محمد جمیل چوہدری، ڈاکٹر محمد ادریس کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نثار چیمہ نے بتایا کہ تمام اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں، ہیلتھ سینٹرز پر خسرہ کی ویکسئین کے ٹیکہ جات دستیاب ہیں اور کسی جگہ ویکسین کی کمی نہیں ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت کے سٹاک میں خسرہ ویکسین کی 9لاکھ خوراکیں موجود ہیں خسرہ ویکسین کی 20لاکھ خوراکیں بذریعہ ہوائی جہاز 8فروری تک پہنچ جائیں گی۔