ق لیگ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد
لاہور (لیڈی رپورٹر) ق لےگ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام مرکزی صدر فرخ خان کی زیر صدارت محفل میلاد منعقد ہوئی۔ محفل میں ڈاکٹر عطیہ عنایت اللہ، فوزیہ ناز، رفعت سرور، ڈاکٹر زاہدہ شوکت، خالدہ مظہر،آمنہ انصاری،شازیہ احسان، آمنہ خانم، راحت ریاض، بشریٰ فردوس،جاویدی فاطمہ سمیت خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر فرخ خان نے کہا کہ حضور کی تعلیمات میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کی رہنمائی کی گئی ہے اور نجات کا راستہ بتایا گیا ہے لیکن ان پر عمل نہ کر کے نہ صرف ہم ذاتی زندگی میں بے سکونی، بے چینی اور عدم تحفظ کے روز افزوں احساس میں مبتلا ہیں بلکہ معاشرتی بگاڑ اور قومی مسائل میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوہ¿ حسنہ پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہم آج نجی اور اجتماعی زندگی میں گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں۔ مسز فرخ خان نے کہا کہ ایک فرد، قوم اور امت کی حیثیت سے ہمارے لیے دنیا و آخرت میں نجات اور سرفرازی کا واحد راستہ قرآن و سنت پر پوری طرح عمل کرنے میں ہے۔