الیکشن کمشن تحلیل نہیں ہو گا‘ انتخابات کی تاریخ کا اعلان صدر کی صوابدید ہے : وزیرقانون
کراچی (نوائے وقت نیوز+ثناءنیوز) وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے الیکشن کمشن آئین کی رو سے بنا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو ہٹایا جا سکتا ہے نہ کمشن تحلیل کیا جا سکتا ہے۔ نگران سیٹ اپ کیلئے وزیراعظم اور قائدحزب اختلاف کے درمیان گفت و شنید ہوگی۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان صدر کی صوابدید ہے، وہی اعلان کریں گے۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا الیکشن کمشن آئین کی رو سے بنا ہے، تحلیل نہیں کیا جاسکتا۔ چیف الیکشن کمشنر کو بھی نہیں ہٹایا جا سکتا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا ایک ہ یدن انتخابات کرانے کیلئے چاروں وزرائے اعلیٰ کا اتفاق رائے ضروری ہے۔ وزیراعظم کے مشورے پر صدر اسمبلیاں تحلیل کریں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر قانون فاروق نائیک نے کہا نگران سیٹ اپ پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر متفق نہ ہوئے تو سپیکر کی کمیٹی فیصلہ کرے گی سپیکر کی کمیٹی بھی منتخب نہ کر سکی تو معاملہ الیکشن کمشن کے پاس جائے گا۔ طاہر القادری کے کہنے پر الیکشن کمشنر کو ہٹایا نہیں جا سکتا ایک سوال پر انہوں نے کہا نگران کابینہ نگران وزیراعظم ہی بنا سکتے ہیں۔