الیکشن کمشن نے پیپلز پارٹی کو دو ماہ پہلے کیئر ٹیکر بنا دیا: نثار کھوڑو

04 فروری 2013


ٹھٹھہ (بیورو رپورٹ/ نوائے وقت رپورٹ) سپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ آزاد الیکشن کمشن نے دو ماہ قبل ہی پیپلز پارٹی کو کیئر ٹیکر کر دیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ امن و امان کیلئے 6 ہزار پولیس اہلکار بھرتی کرنا تھے جنہیں الیکشن کمشن روک رہا ہے۔ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ پہلی بار پرامن ٹرانسفر آف پاور بہت سے لوگوں کو پسند نہیں آ رہا۔ کراچی میں امن و امان مسلسل کوشش سے قائم ہو سکتا ہے۔ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کو اور پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو بہت کچھ دیا ، اہم اتحادی ہیں، موجودہ الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے لیکن الیکشن کمیشن کی طرف سے نوکریوں پر پابندی کے احکامات پر ہمیں اعتراض ہے۔ ووٹر لسٹیں بہتر ہونی چاہئیں لیکن ووٹر لسٹ سے جو نام خارج کئے گئے ہیں اس پر ہمیں اعتراض نہیں ہے۔ انتخابات کے موقع پر نئے اتحاد بن رہے ہیں لیکن ہمیں اس کی پرواہ نہیں۔