مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرامن‘ عوام نے تشدد کو مسترد کردیا‘ بھارتی وزیر داخلہ

04 فروری 2013


نئی دہلی(آن لائن) بھارتی وزیر داخلہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو پرامن قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیری عوام نے تشدد کو خیرباد کہہ دیا‘ کنٹرول لائن پر خاموشی باعث اطمینان تاہم نکسل باغی اندرونی سلامتی کیلئے بدستور بڑا خطرہ ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک مقامی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے سوشیل کمار شنڈے نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں صورتحال مجموعی طور پر پرامن ہے اور اس صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے مرکزی حکومت ایک حکمت عملی مرتب کئے ہوئے جس کی وجہ سے امن پائیدار بنیادوں پر قائم رہ سکے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حالات کو پرامن رکھنے کیلئے فوج‘ فورسز اور پولیس مل کر کام کررہی ہے اور سچ تو یہ ہے کہ کشمیری عوام کو امن کی چاہت ہے۔ اور انہوں نے تشدد کو مسترد کردیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اب تک کے ہونے والے انتخابات میں کشمیری عوام نے اپنی شرکت کو یقینی بنایا ہے جس کی وجہ سے حالات میں قدری بہتری آرہی ہے۔