پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں گورنر راج کی توثیق کی گئی تو احتجاج کرینگے: غفور حیدری

04 فروری 2013


لاہور(خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بلوچستان میں نافذ گور نر راج کے خاتمے کا فیصلہ کرے وہ یہاں میڈیا سیل میں صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر مولانا محمد امجد خان، مولانا قاری ثناءاللہ، محمد افضل خان، قاری امجد سعید، حافظ ابوبکر چوہدری، حافظ عبدالوھاب مدنی اور دیگر موجود تھے انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان میں گورنر راج جاری رکھنے کی توثیق کی گئی تو جمعیت علمائے اسلام دوسری جماعتوں کے ساتھ ایوان میں احتجاج کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجلاس کا بائیکاٹ بھی کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان میں گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ پہلے سے ہی کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر راج کا خاتمہ خود حکومت کی بھی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ صورتحال میں وہاں نگران حکومت کا قیام عمل میں نہیں لایا جاسکتا اور بات پھر الیکشن کمیشن یا وفاقی حکومت کی طرف چلی جائے گی اور مزید مشکلات پیدا ہو جائےںگی۔