نگران سیٹ اپ کیلئے مشاورتی عمل جلد مکمل ہو گا: کائرہ

04 فروری 2013


لالہ موسیٰ (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں نگران عبوری سیٹ اپ کیلئے پارلیمنٹ میں موجود اور پارلیمنٹ سے باہر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ابہام میں نہ رہے انتخابات بروقت ہوں گے اور انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے حکومت نے الیکشن کمشن کو مکمل اختیارات سونپ دیئے ہیں۔ شفاف ووٹر لسٹوں کے مطابق انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا ڈیرہ کائرہ پر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پر الیکشن کے التواءکا الزام لگانے والے خود نطام کو ڈی ریل کرنے کی سازشوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ پارلیمنٹ کے گھیراﺅ اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کی باتیں الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ادارے کو پارلیمنٹ کی تضحیک کی اجازت نہیں دیں گے پارلیمنٹ کو آخر وقت تک قانون سازی کا حق حاصل ہے۔