حضور اکرم کی زندگی اور تعلیمات پورے عالم کیلئے سرچشمہ فیض ہے: شیری رحمن

04 فروری 2013


واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے کہا ہے حضور اکرم کی زندگی اور تعلیمات پورے عالم کیلئے سرچشمہ فیض ہے، آپ کی تعلیمات برداشت، رحم، باہمی عزت و احترام اور تمام انسانوں کیلئے یکساں حقوق پر زور دیتی ہیں‘ حضرت محمد کی تعلیمات پر عمل کر کے ملک اور خطہ کو درپیش تمام چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں۔ پیغمبر اسلام کی ولادت کے سلسلہ میں یہاں پاکستانی سفارتخانہ میں منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حضرت محمد نے ہمیشہ ایمانداری، سلامتی، اخلاق، برداشت اور انصاف کا درس دیا اور خود اس پر عمل کر دکھایا ہے ، آپ کی تعلیمات اور عملی زندگی تمام انسانوں کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ شیری رحمان نے کہا پیغمبر اسلام نے تمام عمر اپنی سخاوت اور برداشت کے ذریعہ لوگوں کے دل جیت لئے۔ حضور اکرم نے معاشرہ میں مختلف مذاہب کے لوگوں کو آپس میں پرامن زندگی گزارنے کا پیغام دیا ہے ، آپ نے میثاق مدینہ میں مسلمانوں اور غیر مسلموں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی ‘ اس آئین کے پہلے آرٹیکل کے تحت مدینہ کے تمام رہائشی مذہب، نسل سے بالاتر ہو کر پرامن زندگی گزاریں گے اور ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں گے۔ حضور اکرم نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کی پاسداری کا درس دیا ہے ۔شیری رحمان نے کہا کہ ہم حضرت محمد کی تعلیمات پر عمل کر کے ملک اور خطہ کو درپیش تمام چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں۔