جنوبی افریقہ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے پاکستان سے کوچ مانگ لیا

04 فروری 2013
جنوبی افریقہ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے پاکستان سے کوچ مانگ لیا

اسلام آباد (اے پی پی) جنوبی افریقہ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے پاکستان سے کوچ فراہم کرنے کیلئے درخواست کی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے کوچ دینے کیلئے رضا مندی کا اظہار کیا ہے ۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ پہلے ٹی 20ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقی حکام نے ان سے ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے کوچ مانگا تھاجس کیلئے رضا مندی کا اظہار کیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے آفیشلز نے کہاکہ پاکستانی بلائنڈ کھلاڑیوں کے کھیل میں کوچ کا کردار اہم ہے اس لیے اگر پاکستان جنوبی افریقہ کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کوچ فراہم کر یں تو ان کے کھلاڑی اچھی کھیل کا مظاہرہ دکھا سکتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ پاکستان کے پاس 6 باصلاحیت کوچ موجود ہیں جن میں نفیس احمد، عبدالرزاق، مسعود جان، اشرف بھٹی، طاہر محمود بٹ اور محمد داﺅد شامل ہیں، حکام نے بتایا کہ انہی میں سے ورلڈ کپ کے قریب ہی پاکستان جنوبی افریقہ کو اچھے معاوضہ پر کوچ دیگا۔