قائداعظم ٹرافی: ساتویں مرحلہ میں چاروں میچ ڈرا ہو گئے

04 فروری 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کے ساتویں مرحلے میں چاروں میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہو گئے۔ لاہور راوی، ملتان، کر اچی وائٹس اور راولپنڈی کو پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر تین تین پوائنٹس مل گئے ۔ لاہور راوی اور پشاور کے مابین میچ میں 35 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، پشاور نے تین وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنائے تھے کہ بارش اور خراب روشنی کے باعث میچ ختم کر دیا گیا۔ پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر لاہور راوی کو تین پوائنٹس مل گئے ۔ عمران فرحت نے 308 رنز کی اننگز کھیلی۔ سیالکوٹ اور ملتان کے مابین میچ ڈرا ہو گیا۔ پہلی اننگز میں خسارے کا سامنا کرنے کے بعد دوسری اننگز میں سیالکوٹ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے کہ میچ ختم کر دیا گیا۔ ملتان نے اپنی واحد اننگز میں 428 رنز بنائے تھے۔ فیصل آباد اور کراچی وائٹس کے مابین میچ ڈرا ہو گیا۔ فیصل آباد نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔ ذیشان آصف 90 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بہاولپور اور راولپنڈی کے مابین میچ میں گذشتہ روز کی بارش کے باعث کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ دوسری اننگز میں بہاولپور نے تین وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے تھے۔