انگلینڈ کے خلاف سیریز: بلائنڈ کرکٹ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

04 فروری 2013
انگلینڈ کے خلاف سیریز: بلائنڈ کرکٹ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائینڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے نئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرینگے تاکہ جنوبی میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تیار کیا جا سکے۔ رواں سال سپیشل کوچنگ پروگرام زیر غور ہے۔ اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کے خلاف 3 ون ڈے اور ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلئے مذاکرات جاری ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ قومی بلائینڈ کرکٹ ٹیم رواں سال جولائی یا اگست میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم میں نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ جنوبی افریقہ میں 2014-15ءمیں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے ابھی سے اچھی ٹیم تیار کی جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ امکان ہے کہ ورلڈ کپ ایک سال قبل ہو جائے اس حوالے سے جنوبی افریقہ بلائینڈ کرکٹ کونسل نے تجویز دی ہے۔ سید سلطان شاہ نے کہاکہ پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل آئندہ مالی سال جولائی 2013ءسے جون 2014ءتک کے دوران سپیشل کوچنگ پروگرام ، سکولز کوچنگ پروگرام کا انعقاد کرے گی تاکہ کوچز کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل ہو۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان میں بلائینڈ کھلاڑیوں کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے تاہم انہیں صرف پالش کرنے کی ضرورت ہے۔ جنوبی افریقہ میں ہونے والے ٹیسٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی پہلی اننگز میں صرف 49رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ کی پچز پر اپنے آپ کو ایڈجسٹ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں کی پچز باﺅنسی ہیں۔