اسلام آباد: انتخابی شیڈول سے قبل ہی ہورڈنگز بورڈ آویزاں

04 فروری 2013


اسلام آباد (این این آئی) عام انتخابات میں حصہ لینے والے متوقع امیدواروں نے انتخابی شیڈول سے قبل ہی ملک بھر میں پارٹی کے قائدین اور اپنی تصاویرسے مزین بڑے بڑے ہورڈنگز بورڈ آویزاں کرنا شروع کر دیئے ہیں تاکہ رائے دہندگان کو اپنی طرف متوجہ کیا جا سکے تاہم انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ان امیدواروں کو یہ بڑے بڑے ہورڈنگز اتارنا ہونگے کیونکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں بڑے ہورڈنگز بورڈ آویزاں کر نے پر پابندی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر نے والے امیدواروں کے خلاف کارروائی کریگا۔ الیکشن کمیشن پریزائیڈنگ آفیسر کے علاقے میں دو افراد پر مشتمل خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دےگا جو اس علاقے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کریگی ۔
اور اس رپورٹ کی روشنی میں امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔