نئے صوبوں کے کمشن میں کوئی بدنیتی شامل نہیں: رہنما پیپلز پارٹی
لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر کوئی غیرآئینی غیرقانونی کام نہیں کیا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کیلئے کمشن کے قیام میں کوئی بدنیتی شامل نہیں ہے۔ آئینی اور قانونی راہ اختیار کی گئی ہے۔ تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار کے اندر رہ کر کام کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض، پارلیمانی لیڈر ذوالفقار گوندل اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ریاض نے کہا پنجاب اسمبلی نے نئے صوبوں کے قیام کیلئے متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ (ن) کی ایماءپر ہی نئے صوبوں کے قیام کیخلاف درخواست دائر کی گئی۔ شوکت بسرا نے کہا عدلیہ کی بحالی کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا مگر اس جدوجہد میں حصہ لینے والے آج مایوس ہیں عدلیہ عوام کو انصاف مہیا کرے۔ عدالتوں میں لاکھوں کیس زیرالتواءپڑے ہیں۔