دہشت گردی، مہنگائی بڑھ رہی ہے، حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں: فاروق ستار

04 فروری 2013


ملتان (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ کے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے صرف متحدہ قومی موومنٹ ہی نکال سکتی ہے، مسائل کے حل صرف ایم کیو ایم کے پاس ہیں۔ یہ بات انہوں نے متحدہ کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بدحالی ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں، حکمرانوں اور انتظامی عہدیداروں کو کوئی فکر نہیں ہے۔ کراچی ملک کا معاشی حب ہے جہاں روز بروز بدامنی ‘ دہشت گردی اور لوٹ مار میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ہمارے سمیت ہر شخص پریشان ہے۔موجودہ نظام کے خاتمہ تک ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق اور ان کے علیحدہ صوبے کیلئے آواز بلند کی، جنوبی پنجاب کے عوام کو چاہئے کہ وہ حقوق کیلئے ایم کیو ایم کی آواز میں آواز ملائیں۔ ملتان میں ایم کیو ایم کے جلسہ میں کارکن اور شرکاءکھانے پر ٹوٹ پڑے جس سے جلسہ میں بدنظمی پیدا ہوگئی۔