پیپلز پارٹی کی قیادت کو غلط پالیسیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا: ناہید خان

04 فروری 2013


لاہور( این این آئی) ”بھٹو شہید بینظیر ورکرز موومنٹ“ کی کوآرڈی نیٹر ناہید خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو اپنی پالیسیوں کا خمیازہ عام انتخابات میں بھگتنا پڑےگا ‘ پیپلز پارٹی کو بھٹو شہید اور بی بی شہید کی پالیسیوں پر لانے کے لئے ہماری جاری تحریک رکی نہیں بلکہ آنےوالے دنوں میں اس میں مزید شدت آئیگی، جلد آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے ‘ لاہور ڈویژن کے کوارڈی نیٹر سردار حر بخاری سے تنظیمی معاملات کے حوالے سے کئے جانیوالے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو پتہ ہے کہ اس نے پانچ سالوں میں کیا بویا ہے اور یقیناً اسے وہی کاٹنا بھی پڑےگا لیکن حیرت ہے کہ اسکے باوجود مصنوعی اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک صرف بھٹو شہید اور بی بی شہید کی سیاسی میراث کو بچانے کے لئے اور جب تک آخری سانس باقی ہے اسے جاری رکھیں گے۔