مسلم لیگ (ن) کا دھرنا اسے حکومت سازی سے دور کرسکتا ہے: رحمت خان وردگ
راولپنڈی (سلطان سکندر) تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے پیپلزپارٹی انتخابات کے التواءکی سازش کررہی ہے‘ طاہرالقادری کا دھرنا بھی اسی سازش کا حصہ تھا‘ مسلم لیگ (ن) کا الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا اسے الیکشن اور اس کے بعد حکومت سازی سے دور کرسکتا ہے‘ میں مسلم لیگ (ن) کے ہمدردی کی حیثیت سے یہ سمجھتا ہوں اسے اسلام آباد میں دھرنادینے کی کوئی ضرورت نہ تھی۔ اتوار کو نوائے وقت سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) کی طرف سے دھرنا دینا اپنے پاوں پر خود کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگا اگر طاہرالقادری کا دھرنا غلط تھا تو مسلم لیگ (ن)کا دھرنا کیسے درست ہوسکتا ہے۔ انتخابات کے نتیجے میں آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی لیکن دھرنے سے وہ اس حکومت سازی سے بہت دور جا سکتی ہے۔ جب چیف الیکشن کمشنر پر سب کو اتفاق ہے تو پھر دھرنے کی ضرورت نہیں۔