دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مذاکرات اولین ترجیح ہے: میاں افتخار

04 فروری 2013

پشاور (آن لائن) خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میاں افتخار حسین نے کہا ہے مفلس، نادار اور دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت اور دنیا و آخرت کی کامیابی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان ماڈل سکول پبی میں راشد شہید فاﺅنڈیشن کے بینر تلے پاورٹی ایراڈیکشن اینشی ایٹیوز (پی ای آئی) کی طرف سے عطیہ کردہ ونٹر کٹس تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پی ای آئی کے چیف ایگزیکٹیو شاہد یوسف نے بھی خطاب کیا اور تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ میاں افتخار حسین نے کہا ان کی پوری زندگی عوام کی بے لوث خدمت میں گزری اور بیٹے میاں راشد حسین کی شہادت کے بعد اپنی پوری زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر دی ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مذاکرات حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس اہم مقصد کیلئے حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اے پی سی کے انعقاد کے بعد طالبان بھی مذاکرات کیلئے ایک با اختیار ٹیم تشکیل دیں گے۔