5 سال کے دوران یوریا کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ
کراچی (کامرس رپورٹر) حکومت کے پانچ سالہ دور میں یوریا کی قیمت میں 191 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 2008سے اب تک یوریا کی قیمت 600 روپے بوری سے بڑھ کر 1750 پچاس روپے تک پہنچ گئی۔ 2010 کے بعد سے یوریا کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دو ہزار دس میں یوریا کی قیمت 975 روپے تھی۔ جو 2011 میں بڑھ کر 1400 روپے اور 2012 میں مزید بڑھ کر 1750 روپے تک پہنچ گئی۔ اس طرح پانچ سالوں کے دوران یوریا کی قیمت میں 191 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ربیع سیزن میں نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ کمپنی نے سات لاکھ بائیس ہزار ٹن یوریا درآمد کی جو تاریخ کا بلند ترین درآمدی سٹاک ہے۔ جبکہ اسی دوران ایک دن میں سب سے زیادہ اٹھارہ ہزار نو سو اٹھانوے ٹن یوریا کی فروخت کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔