ایک ہفتہ کے دوران کپاس کے بھاﺅ میں 400 روپے من اضافہ
اسلام آباد (آن لائن) ایک ہفتے کے دوران کپاس کے بھاﺅ میں 400 روپے فی من کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کاٹن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران روئی کے بھاﺅ میں مجموعی طور پر 300 تا 400 روپے فی من کا نمایاں اضافہ ہوا، اعلیٰ کوالٹی کی روئی کا بھاﺅ 6500 روپے فی من کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔ روئی کے اسپاٹ ریٹ میں 50 روپے فی من کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ 6100 روپے فی من کے بھاﺅ پر بند کیا۔ سندھ اور پنجاب میں روئی کا بھاﺅ کوالٹی کے حساب سے 4600 تا 6500 روپے فی من معیار کے حساب سے 2000 روپے کے تفاوت سے چل رہا ہے۔ پھٹی کا بھاﺅ بھی معیار کے مطابق 2000 روپے سے2950 روپے فی من، اسی طرح بنولہ کا بھاﺅ 600 روپے تا 700 روپے فی من چل رہا ہے۔ بھارت میں روئی کی پیداوار تخمینے سے کم ہونے کے باعث وہاں روئی کا بھاﺅ جو 81.50 تا 82 امریکن سینٹ سے بڑھ کر فی پاﺅنڈ 86 تا 87 سینٹ ہو گیا۔