”جمالستان“ صوبہ کا نیام نام رکھاجائے

04 فروری 2013


مکرمی! پاکستان کا بازوئے شمشیرزن جس کا موجودہ نام ” خیبر پختونخواہ“ ہے اپنے حسن و جمال اور دلکشی کے لئے کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ اپنے سرسبز اور دلربا کوہساروں،گنگناتے چشموں اور دریاﺅں،برف پوش چوٹیوں اور اسکے باسیوں کی مہمان نوازی، حسن سیرت اور صورت کی وجہ سے حسن و جمال کا مجسمہ ہے۔وادی ناران کاغان،سوات،دیر چترال اور سرسبز و شاداب لہلہاتے میدانی کھیت، سب قدرت کا حسین انعام ہے جس کے نام سے روحانی جمال ٹپکتا ہے کیا ہی بہتر ہو کہ اگر اسکے حسن و جمال اور خصوصاً حضرت جمال الدین افغانیؒ سے تعلق کی وجہ سے اور انکے نام کی مناسبت سے اسکا نام صوبہ ”جمالستان“رکھ دیاجائے اس سے ناصرف اس صوبہ کے حسن و جمال کی طرف اشارہ ہوگا بلکہ حضرت شاہ صاحبؒ کے روحانی فیوض و برکات سے فیضاب ہونے کا اعتراف ہوگا۔پھر اس نام پر کسی کو اعتراض یا اختلاف نہیں ہوگا۔
زہے نصیب گر قبول اُفتد
امید ہے سب پاکستانی اس نام پر کھلے دل و دماغ سے غور فرمائیں گے کیونکہ دونوں چیزیں ہم سب کی مشترکہ میراث ہیں۔( میاں محمد رمضان،انجمن اصلاح احوال0333-4323373)