ٹیکس دہندگان کی رہنمائی مدد کیلئے تیار ہیں:طاہرہ جاوید
لاہور (کامرس رپورٹر)ہوٹل، ریسٹورنٹ اور شادی ہال ایسوسی ایشن نے پنے تمام ممبران کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور واجب الادا ٹیکس بروقت ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔انہوں نے اس امر کا اظہار پنجاب ریونیو اتھارٹی راولپنڈی کمشنریٹ کی جانب سے سیلز ٹیکس کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک آگاہی سیمینار میں کیا ہے۔ سیمینار میں ہوٹل، ریسٹورنٹ اور شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر اور ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پی آر اے راولپنڈی آفس کی کمشنر محترمہ طاہرہ جاوید نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم ہمہ وقت ٹیکس دہندگان کی رہنمائی اور مدد کیلئے تیار ہیں۔ شرکاء نے پی آر اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس آگاہی سیمینار کا خیر مقدم کیا ۔تقریب سے کاشف یونس، ایڈیشنل کمشنر پی آر اے راولپنڈی، انفورسمینٹ افسران حرا رؤف، ارسلان طارق، اسد مارتھ اور عدیل احسن نے بھی خطاب کیا اور شرکا کے سوالات کے جوابات دئیے۔