179میگا کرپشن کیسز میں سے 66منطقی انجام تک پہنچائے، چیئر مین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاویداقبال نے کہا ہے کہ نیب نے تاریخ میں پہلی بار ان فراد کوقانون کے کٹہرے میں لایا ہے جن کو ماضی میں کوئی چھو نہیں سکتا تھا۔ نیب کی گزشتہ چار سال کے دوران موثر پیروی کے ذریعے احتساب عدالتوں نے 1194 ملزموں کو سزا سنائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ 179میگاکرپشن کیسز میں سے 66کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا جبکہ 93میگاکرپشن کیسز متعلقہ احتساب کیسز میں زیرسماعت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی تمام مسائل کی جڑ ہے جس سے نہ صرف معاشرے کی سماجی و معاشی ترقی متاثر ہوتی ہے۔ نیب نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی نگرانی کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ نیب مقدمات میں سزا کی شرح 66.8فیصد ہے۔ چیئرمین نیب نے تمام نیب افسرا ن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک کو کرپشن فری بنانے کے لئے اپنی کوششیں دوگنا کریں۔