تحریک انصاف نے نوجوانوں کو دھوکا دیا‘ سردار محمد سہیل

کراچی (نیوزرپورٹر) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن ۔ن۔کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل نے سندھ کی وزارت اسپورٹس و کلچر کی طرف سے مقامی ہوٹل میں نوجوانوں کے لئے منعقد سیمینار کے شرکا سے خطاب میں عمران خان کو ملکی تاریخ کا جھوٹا ترین حکمران قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کے نوجوانوں کو مسلم اسٹودنٹس فیڈریشن۔ن۔ میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔سندھ کی وزارت اسپورٹس و کلچر نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں نوجوانوں کے لئے ایک سیمینار کا اہتمام کیا تھا جس کی مہمان خصو صی میں تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم اور مہمان مقررین میں سابق سپرنٹنڈنٹ کراچی جیل شاکر شاہ اور مسلم اسٹودنٹس فیڈریشن۔ن۔ کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل تھے۔ تقریب میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن۔ن۔ سندھ ،تحریک انصاف کے علاوہ کراچی کے نوجوان طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب میں ایم ایس ایف ۔ن۔ کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل نے عمران خان کی ناکام اور عوام دشمن حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کے سنہرے مستقبل کا نعرہ لگا کر اقتدار تک پہنچے، معصوم اور پر جوش نوجوانوں کو سہانے خواب دکھائے لیکن اقتدار میں آکر نوجوانوں کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے بھول چکے ہیں۔ تین سالوں سے پاکستان کے نوجوانوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ سردار محمد سہیل نے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم اور انصاف یوتھ کے نوجوانوں کو دعوت دی کہ پاکستان کو بچانے کے لئے مسلم لیگ(ن) کا حصہ بن جائیں ۔تحریک انصاف کے نوجوان عمران خان کے جھوٹے خوابوں سے جان چھڑائیں۔