ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی بدعنوان لیڈرشپ کو اپنا سیاسی انجام قریب نظر آ رہاہے،میاں محمودالرشید
وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہاہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی بدعنوان لیڈرشپ احتساب کے حوالے سے نوشتہ دیوار واضح طور پر پڑھ چکی ہے اوراسے اپنا سیاسی انجام قریب نظر آ رہا ہے۔عوام کے اربوں روپے لوٹنے والے احتساب سے بچنے کیلئے جلسے جلوسوں کاسہارالے کر حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہیں کورونا کی پرواہ ہے نہ عوام کی صحت اور جان کی فکر، بلکہ یہ عوام کو قربانی کا بکرا بناکر اپنی جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں میاں محمودالرشید نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو اپنے لیڈروں کی دنیا بھر میں پھیلی ہوئی جائیدادوں اور اربوں روپوں کی لوٹ مار کا جواب دیناہوگا۔اسحاق ڈارکے مطابق ان کی صرف ایک جائیداد ہے لیکن تحقیقاتی اداروں کے پاس ان کی تمام دیگرممالک میں موجود اربوں کھربوں روپے مالیت کی جائیدادوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پچھلے 40سال سے ملک میں تماشہ لگا رکھا تھا۔اربوں روپوں کی لوٹ مار کے بعد یہ نہادھو کر پھر عوام کو جھانسہ دے کر اقتدار میں آجاتے تھے اور ایک دوسرے کی کرپشن پرپردہ ڈالتے تھے لیکن اب ان کے کھیل تماشوں کا دور گزر گیا ہے، ان کو اپنی لوٹ مار کا جواب دیناہوگا۔میاں محمودالرشید نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ اپوزیشن کی بلیک میلنگ اور دباؤ کو کسی خاطر میں نہیں لارہے اور لٹیروں کے سخت احتساب کیلئے پرعزم ہیں۔