”تعلیم سب کیلئے.... سب کو پڑھاﺅ۔“
پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں
راجہ محمد اشتیاق چیئرمین قائداعظم ٹرسٹ یوکے کی پاکستان آمد،گورنر پنجاب اور لاہور ہائی کورٹ کے چےف جسٹس سے ملاقات
خالد یزدانی
وطن عزیز پاکستان میں جوہر قابل کی کمی نہیں اور لاکھوں پاکستانی بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کو بھی منواتے چلے آرہے ہیں۔ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں سالہاسال سے مقیم پاکستان کے سپوت راجہ محمد اشتیاق کی شخصیت بھی کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ انہوں نے برمنگھم مےں ”راجہ برادرز“ کے نام سے جہاں اپنے کاروبار کو ترقی اور وسعت دی‘ وہاں پاکستان میں بسنے والے افراد خاص طورپر نئی نسل کیلئے بھی عملی اقدامات کیلئے قائداعظم ٹرسٹ ےو کے کی بنیاد رکھی اور بحیثیت چیئرمین اب تک تعلیم اور صحت کے حوالے سے بڑھ چڑھ کر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں وہ پاکستان تشریف لا ئے اس دوران مختلف حکومتی ،سےاسی اور قانونی ماہرےن سے بھی ملاقاتےں کےں ،خاص طور پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان اور پنجاب بار کونسل کے اراکین سے لاہور میں ملے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ خاص طورپر تعلیم اور صحت کے حوالے سے بات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
راجہ اشتیاق سے گزشتہ دنوں ایک ملاقات میں ان سے قائداعظم ٹرسٹ یوکے اور اس کے اغراض و مقاصد بارے پو چھا تو ۔ انہوں نے بتایا کہ قائداعظم ٹرسٹ ےو کے کے قیام کا بنیادی مقصد صرف اور صرف ہمارا ایک نعرہ ہے۔ ”تعلیم سب کیلئے.... سب کو پڑھاﺅ۔“
لہٰذا اس کے تحت ہم تعلیم اور صحت کے حوالے سے جو کام کر رہے ہیں‘ ان کو پاکستان میں بھی اہم شخصیات نے سراہا اور اب ایک اہم بات یہ ہے کہ تیس سال بعد قائداعظم ٹرسٹ یوکے کو پاکستان کے مختلف صوبوں میں بھی قائم کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان ہماری مدر لینڈ اور برطانیہ ہوم لینڈ ہے۔ پاکستان میں ہم پلے بڑھے اور برطانیہ نے ہمیں عزت اور شہرت دی اور اب ہم نئی نسل کی رہنمائی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان میں قائداعظم ٹرسٹ عملی طورپر کام کرے کیونکہ پاکستان دنیا میں قدرت کا عطیہ ہے جس کی سرسبز و شاداب وادیاں ہیں جن کا احساس پاکستانیوں کو بھی نہیں ہے۔
راجہ اشتیاق کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے وفاقی اور صوبائی وزراءکو چاہئے کہ وہ ہر ضلع کا دورہ کریں اور ان کی مشکلات کا جائزہ لیکر ایسے اقدامات کریں جس سے ان کو سہولت میسر آئے۔اور یہ حکومت کا ہی نہیں‘ عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ پاکستان کی معیشت کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ یہاں یہ بتاتا چلوں کہ میں ان پاکستانیوں میں سے ایک پاکستانی ہوں جب بھی وطن آتا ہوں اس کے دشوار گزار علاقوں کا سفر بھی کرتا ہوں تاکہ جب دنیا کے سامنے بات کروں تو تمام حقائق کا علم ہو۔
اپنے حالیہ دورے کے بارے راجہ اشتیاق نے بتایا کہ ہمارے تعلیمی ادارے چاروںصوبوں اور آزادکشمیر میں بھی کام کررہے ہیں لیکن حکومتی سطح پر کسی نے کبھی حوصلہ افزائی نہیں کی جبکہ اس حوالے سے ان کا رویہ مثبت ہونا چاہئے۔
راجہ اشتیاق نے کہا کہ میں برطانیہ میں بسنے والوں سے کہوں گا کہ پاکستان سے تجارت کریں جو برطانیہ میں دس سال سے حاصل نہیں کرسکے وہ پاکستان میں ایک سال میں حاصل کرسکتے ہیں اور یہاں تجارت کے ساتھ ساتھ عزت اور سہولتیں بھی بے تحاشا ہیں لہٰذا ہمیں بطور پاکستانی وطن کا نام سربلند رکھنے کیلئے جتنا بھی ہوسکے کام کرنا چاہئے۔ یہاں میں پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو دن رات سرحدوں پر ہماری حفاظت کررہے ہیں اور وہ شہید جنہوں نے اپنا لہو اس سرزمین کو دیا ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کرونا وباءکے حوالے سے راجہ اشتیاق کا کہنا تھا کرونا کی وباءکی وجہ سے برطانیہ ویرو سے زیرو ہوگیا اور باقی کوششیں کررہے ہیں اور کچھ بے بسی کی تصویر بنے گھروں میں بیٹھے ہیں۔اوورسیز کو بھی کرونا نے بری طرح متاثر کیا ہے اور پاکستان میں بھی اب کرونا کی دوسری لہر نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اس سے سب نے متحد ہوکر قابو پانا ہے۔
آخر میں راجہ اشتیاق نے بتایا کہ قائداعظم ٹرسٹ یو کے، کے زیراہتمام ہم ہر سال برطانیہ میں یوم آزادی ، 25 دسمبر اور 6 ستمبر پر پروگراموں کا انعقاد کرتے چلے آرہے ہیں اور اس میں نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر ممالک کے لوگ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔کےونکہ مےں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے اس کے لئے ہمےں دل و جان سے کام کر نا چاہئے ۔