شوکت خانم ہسپتال کراچی کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے:ڈاکٹر محمد عاصم یوسف
کراچی (پ ر) کراچی میں پاکستان کے تیسرے اور سب سے بڑے شوکت خانم کینسر ہسپتال کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ منصوبہ 13ارب روپے کی لاگت سے تین سال سے بھی کم عرصے میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایک میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد نئے کینسر کے مریض سامنے آتے ہیں جبکہ مریضوں کی اتنی بڑی تعداد کے مقابلے میں علاج کی سہولیات انتہائی نا کافی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر کا علاج اکثر ایک طویل اور صبر آزما عمل ہوتا ہے اور دوران ِ علاج بہت سارے مریضوں کو دور دراز کے علاقوں سے جسمانی، جذباتی اور معاشی طور پر مشکلات برداشت کرتے ہوئے وقتاً فوقتاً ہسپتال تک کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ مریضوں کی ان تکالیف کو کم کرنے کے لیے ہی پشاور میں دوسرا کینسر ہسپتال تعمیر کیا گیا تھا ۔